ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / امریکہ: پناہ گزینوں پر پابندی کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے

امریکہ: پناہ گزینوں پر پابندی کا دائرہ وسیع ہوسکتا ہے

Tue, 31 Jan 2017 10:59:04  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،30جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار کا کہنا ہے کہ فوری طور پر سات مسلم اکثریتی ممالک کے پناہ گزینوں کی امریکہ آمد پر پابندی عائد کی گئی تھی اور اس فہرست میں مزید مسلم ممالک کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔وائٹ ہاؤس کے چیف آف سٹاس رائنس پرائبس سے جب امریکی ٹی وی سی بی سی کے ایک صحافی نے یہ سوال کیا کہ پناہ گزینوں پر پابندی عائد کرنے کے حوالے سے ایگزکیٹیو حکمنامے میں جن سات ملکوں کو شامل کیا ہے اس کے مقابلے میں سعودی عرب، پاکستان، افغانستان اور مصر جیسے ممالک کے شدت پسندوں نے کہیں زیادہ امریکی شہریوں کو ہلاک کیا ہے۔ اگر اس مسئلے پر اس انتظامیہ کو اتنی زیادہ تشویش ہی تھی تو پھر ان ملکوں کو اس فہرست سے الگ کیوں رکھا گیا؟۔اس کے جواب میں رائنس پرائبس نے کہا: 'ہمیں اس مسئلے پر تشویش ہے اسی لیے ہم نے ابتدائی طور پر ان ملکوں کو اس فہرست میں شامل کیا جن کے متعلق کانگریس کے دونوں ایوانوں نے شناخت کر رکھی تھی اور اوباما انتظامیہ نے ان پر زیادہ نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ آپ نے صحیح نکتہ اٹھایا ہے۔ شاید دوسرے ایگزیکیٹو حکم نامے کے تحت دوسرے ممالک کو بھی اس میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سب امریکی شہریوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے اور اس میں تاخیر نہیں کی جا سکتی ہے اس لیے جن ممالک کی پہلے ہی نشاندہی ہوچکی تھی ان پر بلا تاخیر پابندی لگائی گئی۔
پرائبس نے یہ بھی کہا کہ جن ممالک کے پناہ گزینوں کی آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے وہاں سے آنے والے جن افراد کے پاس گرین کارڈ ہوگا انھیں امریکہ میں داخلے کی اجازت ہوگی لیکن اس میں بھی چھان بین کی جائے گا۔ان کا کہنا تھا اس پابندی کا اطلاق ان پر نہیں ہوتا ہے لیکن ایسے لوگوں سے محکمہ امیگریشن کے حکام کچھ زیادہ ہی سوالات و جوابات کریں گے تب انھیں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ جب تک نئی انتظامیہ اس بارے میں واضح اصول و ضوابط مرتب نہیں کر لیتی اس وقت اسی پروگرام پر عمل کیا جائیگا۔وائٹ ہاؤس کے اہلکار کا کہنا تھا کہ کسٹم بارڈر پیٹرول کے ایجنٹوں کو ایسے اضافی اختیارات بھی حاصل ہوں گے کہ اگر انھیں آنے والے کسی بھی شخص پر شک ہو تو وہ اپنی صوابدید پر اس کے بارے میں فیصلہ کر سکتے ہیں۔


Share: